سرینگر: جموں کشمیر میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ جموں خطہ میں موسم وادی کے مقابلے میں قدرے گرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے اضلاع میں شوپیاں کا درجہ حرارت -3.9°C، اننت ناگ -3.5°C، اور پلوامہ -3.4°C ریکارڈ کیا گیا۔ سیاحتی مقامات پہلگام اور سونہ مرگ میں بالترتیب -3.2°C اور -1.6°C درج کیا گیا۔ جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر کا درجہ حرارت -0.4°C وہیں گلمرگ کا 0.0°C رہا۔
جموں خطے میں جموں شہر کا درجہ حرارت 10.6°C، بانیہال 2.3°C، اور بھدرواہ میں درجہ حرارت 2.5°C رہا۔ کشتواڑ ضلع کے پڈر علاقے میں درجہ حرارت -5.4°C ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ خطہ سب سے زیادہ سرد رہا جہاں دراس -8.9°C، لیہہ -6.6°C، اور کرگل میں شبانہ درجہ حررارت -5.9°C درج ہوا ہے۔
وادی کشمیر کے لوگ ان دنوں خشکی کے سبب صبح اور رات کے اوقات میں زیادہ سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 23 نومبر کو دوپہر اور شام کے وقت درمیانی درجہ کی بارش کا امکان ہے، جس کے بعد 24 نومبر سے سردی میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔
ٹریفک اپڈیٹ: سرینگر - جموں قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے دونوں طرف سے کھلی ہے، جب کہ تاریخی مغل روڑ اور بھدرواہ - چمبا روڈ بھی آمد و رفت کے قابل ہیں۔ تاہم، سونہ مرگ - کرگل سڑک پر پھسلن کی صورتحال کے باعث BEACON کی منظوری کے بعد ہی ٹریفک کی آواجاہی کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں سردیوں کا راج شروع، شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ