جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور رکن پارلیمان جگل کشور شرما نے جموں پارلیمانی نشست کے لیے آج کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ اس موقعے پر مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج جموں میں بی جے پی امیدوار جگل کشور شرما کے لیے مہم چلائی اور لوگوں سے جگل کشور شرما کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کو صرف مرکز میں مضبوط بی جے پی حکومت کی وجہ سے منسوخ کیا گیا تھا۔ دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پتھراؤ اور علیٰحدگی پسند سرگرمیوں کے واقعات ختم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد عسکریت پسندی سرگرمیوں میں 75 فیصد کمی آئی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی اموات میں تقریباً 50 فیصد کمی آئی ہے۔ یہ سب جموں و کشمیر میں اسی وقت ممکن ہوا جب مرکز میں ایک مضبوط حکومت برسر اقتدار آئی۔ کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس ایک سیاسی پارٹی ہے، اس پارٹی کے لوگ مسلسل قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: دفعہ 370 کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا: انوراگ ٹھاکر
یاد رہے کہ جموں و کشمیر کی پانچ پارلیمانی سیٹوں کے لیے انتخابات پانچ مرحلوں میں ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔ جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کا آغاز فیز 1 (اُدھمپور) میں 19 اپریل کو ووٹنگ کے ساتھ ہوگا، اس کے بعد فیز 2 (جموں) 26 اپریل کو، فیز 3 (اننت ناگ) 7 مئی کو، فیز 4 (سرینگر) 13 مئی، اور فیز 5 (بارہمولہ) 20 مئی کو ہے۔