سرینگر (جموں و کشمیر): بدھ کے روز اُس وقت الجھن اور مایوسی کا ماحول پیدا ہو گیا جب جموں و کشمیر اسکول ایجوکیشن بورڈ (JKBOSE) کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے امتحانات کے دوران 12ویں جماعت کے سینکڑوں طلباء سوالی پرچہ دیکھ کر حیران و پریشان ہوئے۔ 12ویں جماعت کے طلبہ کو متعلقہ سوال نامہ دئے جانے کی بجائے طلباء کو ’غلطی‘ سے 11ویں جماعت کا سوال نامہ دے دیا گیا۔
سالانہ ریگولر امتحانات میں حصہ لینے والے متعدد امتحانی انچارج اور متاثرہ امیدواروں نے بورڈ حکام کی جانب سے اس صریح کوتاہی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ایک طالب علم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ فزیکل ایجوکیشن کے امتحان کا فارمیٹ بورڈ کی جانب سے بتائے جانے والے فارمیٹ سے بالکل مختلف تھا۔ حیران کن طور پر سوال نامے کا صرف ایک حصہ، 12ویں جماعت کے نصاب کے مطابق تھا جو طلبہ کے مطابق محض دو مارکس پر مشتمل تھا۔ جبکہ بقیہ سوال نامہ گیارہویں جماعت کے سیلیبس کے مطابق تھا۔
امتحانی مرکز کے انچارج نے صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سوال نامہ دیکھ کر بعض طلبہ بے ہوش ہو گئے۔ اس صورتحال سے متعلق جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن JKBOSE حکام نے امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور جلد ہی دوسری تاریخ کے اعلان کی بھی یقین دہانی کی۔ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری لال حسین نے کہا: ’’واقعے کی اطلاع موصول ہوئی اور ہم نے امتحانات کا دوبارہ شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نظر ثانی شدہ تاریخیں جلد ہی بتائی جائیں گی۔‘‘
مزید پڑھیں: بارہویں بورڈ کے امتحانی مرکز پر مسلم لڑکیوں کو برقعہ اتارنے کے لیے مجبور کیا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرائے گئے پرچوں پر بارہویں جماعت کا نشان تھا اور اب یو ٹی بھر میں غلط پرچے تقسیم کیے گئے ہیں۔ اب اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ غلط سوالیہ پرچے کیسے پیک کیے گئے تھے۔