اننت ناگ: مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ساگام اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بجلی کی ناقص سپلائی کی وجہ سے عام لوگوں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی کی غیر مناسب سپلائی کی وجہ سے چھوٹے کارخانوں میں کام متاثر ہوا ہے۔ طلبا و طالبات کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے کے لئے کوکرناگ میں گرڈ اسٹیشن قائم ہے جہاں سے انہیں بجلی فراہم ہوتی ہے، لیکن اس سے پریشانی دور نہیں ہوتی ہے۔ گرڈ اسٹیشن ساگام سے کافی دوری پر قائم ہے۔ اس کے باعث اکثر وبیشتر وولٹیج ڈراپ ہوجاتا ہے۔ نتیجتاً ساگام اور اس سے متصل علاقوں میں مناسب طریقے سے بجلی کی سپلائی نہیں ہو پاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں مسلسل لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان
ساگام کے باشندوں نے مزید کہاکہ کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے سے رجوع کیا گیا کہ بجلی نظام کو فعال بنانے کی غرض سے مذکورہ علاقے میں بجلی رسیونگ اسٹیشن قائم کیا جائے۔ تاہم مقامی باشندوں کا مطالبہ تاحال زیر التوا رکھا گیا ہے٬ ساگام کے عوام نے ایک بار پھر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں بجلی نظام کو بہتر بنانے کی غرض سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی دشواریوں اور مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔