سرینگر: اترپردیش کے ضلع ایودھیا میں پیر کو رام مندر کی افتتاحی تقریب کے پیش نظر جموں و کشمیر انتطامیہ نے یونین ٹریٹری میں 22 جنوری یعنی پیر کے روز نصف دن کی تعطیل کا اعلان کر دیا۔اس ضمن میں جموں کشمیر انتظامیہ کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر سکریٹری سنجیو ورما نے آج ایک حکمنامہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 22 جنوری 2024 یعنی پیر کے روز دوپہر ڈھائی بجے دن تک جموں و کشمیر میں نصف دن کی تعطیل رہے گی۔
غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت نے بھی 22 جنوری کو رام مندر پران پرتشٹھا تقریب کے دن پورے ملک میں نصف دن کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔پیر یعنی 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب یعنی رام پرتیشٹھا کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے، وہیں آٹھ ہزار خاص لوگوں کو مندر ٹرسٹ نے اس تقریب میں موجود رہنے کی دعوت دی ہے۔ ان شخصیات میں ملک کے بڑے تاجر، کرکٹ کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر، وراٹ کوہلی وغیرہ کو مدعو کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
ادھو کو رام مندر کی تقریب کیلئے دعوت نامہ ملا لیکن نہیں کریں گے شرکت
واضح رہے کہ ایودھیا میں رام مندر کے افتتاحی پروگرام سمیت ریاست میں آنے والے تہواروں کے پیش نظر لکھنؤ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایودھیا جانے والی سڑک 22 جنوری کو عام لوگوں کے لیے بند رہے گی۔ ایودھیا کے راستوں پر چار ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ لکھنؤ کے 25 حساس علاقوں میں فورسز کو تعینات کیا جائے گا۔ وہیں جموں کشمیر کی سرمائی دارلحکومت جموں میں بھی اس ضمن میں تقریب منعقد کی جارہی ہے اور بی جے پی نے جموں قصبہ میں مختلف تقاریب منعقد کرنے کا پروگرام رکھا ہے۔