رامبن، جموں وکشمیر: جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں بھی محکمۂ موسمیات کے عین مطابق بھاری بارشوں و برفباری کے بعد آج دن بھر موسم آبر آلود رہا۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ کو آج تیسرے روز ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے جزوی طور سے بحال کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ برفباری و بارشوں کے دوران ضلع رامبن کے مختلف مقامات جیسے ڈھلواس کیفٹیریا موڑ ماروگ پنٹھیال گانگروں و شیر بی بی علاقہ میں مٹی کے تودے گرنے و پتھر گرنے سے ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بند تھا۔ تاہم صبح سے موسم میں آئی بہتری کے بعد شاہراہ پر بحالی کا کام شروع کیا گیا اور بعد دوپہر کو تمام سلائڈ و پتھروں کے ہٹانے کے بعد شاہراہ کو درماندہ گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
بھاری برفباری کے بعد کشمیر میں معمولات زندگی درہم برہم
بتایا گیا ہے کہ یہاں سے پہلے ترجیحاتی بنیادوں پر درماندہ مسافر و مال بردار گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے شاہراہ کو موسم کی صورتحال جانے کے بغیر سفر سے پرہیز کی اپیل کی ہے۔ وہیں ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن نے بھی قومی شاہراہ کا دورہ کیا اور بھاری برفباری و بارشوں کے بعد افسران سے تبادلۂ خیال کیا اور ہدایات جاری کی کہ ضلع رامبن کے تمام دیہی علاقہ جات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔