جموں (جموں کشمیر): جھلسا دینے والی گرمی کے دوران عوام کو راحت پہنچانے کی غرض سے جموں میونسپل کارپوریشن (Jammu Municipal Corporation) نے شہر میں ٹینکروں سے پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ لوگوں اور خاص طور پر ڈرائیوروں نے جموں میونسپلٹی کی اس پہل کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں کچھ حد تک راحت مل رہی ہے۔
جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے جیول چوک، جانی پور، بی سی روڈ، کینال روڈ، تالاب تلو سمیت اہم سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا۔ جب کہ ڈویژن 2 میں گودام، بکرم چوک، گاندھی نگر، شاستری نگر، ناروال ہائی وے سمیت دیگر سڑکوں پر بھی پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ ٹینکر ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ انہیں سہ پہر چار بجے تک لگاتار پانی کا چھڑکاؤ کرنے پر مامور کیا گیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کی سہولت کے لیے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے جس سے سڑکوں پر پیدل چلنے والوں سمیت مسافرین کو بھی کچھ حد تک راحت مل رہی ہے، وہیں اس چھڑکاؤ کے سبب آمد و رفت میں کسی بھی قسم کا خلل واقع نہیں ہو رہا ہے۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے مطابق اس عمل کے لیے چار ٹینکرز کو مختص رکھا گیا ہے اور درجہ حرارت بڑھے رہنے تک یہ مہم جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جموں وکشمیر میں شدید گرمی سے لوگوں کا برا حال