بارہمولہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے ایک گاڑی (سوئفٹ) زیر رجسٹریشن نمبر JK01M-7247 جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی بدنام زمانہ منشیات فروش عاشق الٰہی پرے ولد عبد الرزاق ساکنہ لاوے پورہ، شالہ ٹینگ، سرینگر کی ہے، جو اس نے منشیات کے کاروباری سے حاصل کی گئی آمدن سے خریدی تھی۔
یہ کارروائی NDPS ایکٹ کی 68-F (1) اور دفعہ 68-E کے تحت انجام دی گئی اور اس ضمن میں پہلے ہی پٹن پولیس اسٹیشن میں ایک کیس زیر ایف آئی نمبر 368/2023 u/s 8/21-29 NDPS درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درج ایف آئی آر کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ضبط کی گئی گاڑی منشیات فروشی سے حاصل کی گئی آمدنی یعنی منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔
یہ آپریشن منشیات کی بدعت سے نمٹنے کے لیے پولیس کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور مقامی باشندوں نے پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے۔ وہیں پولیس نے عوام الناس سے منشیات فروشوں سے متعلق کسی بھی معلومات کو حکام تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر پولیس نے وادی کے یمین و یسار میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن انجام دیکر گاڑیوں، رہائشی و تجارتی عمارتوں کو منسلک کرنے کے علاوہ بعض منشیات فروشوں کے بینک کھاتوں کو بھی منجمد کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قرق، پولیس