جموں: جموں و کشمیر میں تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے، خطے کے لیے 13 نئے کیندریہ ودیالیوں (KVs) کو منظوری دی گئی ہے۔ اس اضافے سے مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں کشمیر میں کیندریہ ودیالیوں کی تعداد 39 سے بڑھ کر 52 ہو جائے گی۔ نئے اسکولوں کا مقصد خواندگی کے گراف کو بلند کرنا اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں معاشی طور پر کمزور طبقوں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اس کا خاص مقصد ہے۔
جمعہ کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا گیا۔ کابینہ نے ملک بھر میں 85 نئے کیندریہ ودیالیوں اور 28 نوودیا ودیالیوں کو بھی منظوری دی، جس میں جموں و کشمیر کو کیندریہ ودیالیوں کی سب سے زیادہ تعداد مختص کی گئی ہے۔
کن علاقوں میں شروع کیے جائیں گے نئے کیندریہ ودیالیہ:
جموں و کشمیر میں نئے کیندریہ ودیالیہ ضلع رامبن کے گول اور رامبن میں، کٹھوعہ ضلع کے بنی اور رام کوٹ میں، ضلع ریاسی کے ریاسی اور کٹرا (ککریال) میں، پلوامہ ضلع کے رتنی پورہ اور گالندر (چندرہ) میں، ضلع کشتواڑ کے مغل میدان میں، ضلع پونچھ کے گلپور میں، ضلع کپواڑہ کے درگمولہ میں، سانبہ ضلع کے وجے پورمیں اور ادھم پور ضلع کے پنچیری میں قائم کیے جائیں گے۔
حکومت ان اسکولوں کو قائم کرنے کے لیے 2025-26 سے آٹھ سال میں 5,872.08 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس میں موجودہ کیندریہ ودیالیوں کی توسیع بھی شامل ہے۔ اس اقدام سے ملک بھر میں 82,000 سے زائد طلباء مستفید ہوں گے، جو سستی اور اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
کیندریہ ودیالیہ اسکیم 1962 میں شروع کی گئی تھی، اور اس وقت پورے ہندوستان میں 1,256 آپریشنل اسکول ہیں، جن میں ماسکو، کھٹمنڈو اور تہران میں تین بین الاقوامی شاخیں شامل ہیں۔ یہ اسکول 1.356 ملین سے زیادہ طلباء کی تعلیمی ضرورت کو پورا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا کہا؟
کٹھوعہ ادھم پور کے رکن پارلیمنٹ اور پی ایم او میں وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کو زیادہ سے زیادہ نئے کیندریہ ودیالیہ مختص کرنے پر وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس معاملے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خطے میں ان اسکولوں میں سے 50 فیصد ادھم پور پارلیمانی حلقہ میں قائم کیے جائیں گے۔ جتیندر سنگھ نے نوٹ کیا کہ نئے کیندریہ ودیالیہ ان علاقوں میں بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کریں گے جو طویل عرصے سے تعلیم کے حق سے محروم ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس اقدام سے جموں و کشمیر کے تعلیمی گراف میں ایک تبدیلی آئے گی، جس سے خطے کے کچھ دور دراز کونوں میں بچوں کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: