سرینگر (جموں کشمیر) : وادی کشمیر میں لوک سبھا انتخابات میں دو سابق وزراء اعلیٰ - نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی - شکست سے دوچار ہوئے، وہیں ان انتخابات میں انتہائی حیران کن نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ ان انتخابات میں جہاں تہاڑ جیل سے الیکشن لڑ رہے عبد الرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوئے وہیں بعض غیر معروف امیدوار بھی اپنی جانب کچھ حد تک توجہ مبذول کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دفعہ 370کی منسوخی کے بعد کشمیر کی سیاسی بساط پر کئی جماعتیں وجود میں آئیں جن میں پی ڈی پی سے علیحدہ ہوئے سید الطاف بخاری کی جموں کشمیر اپنی پارٹی (اے پی) اور غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) بھی شامل ہیں۔ تاہم حیران کن طور پر دونوں رہنماؤں نے ان انتخابات میں شرکت کرنے سے گریز کیا اور بعض نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے جنہیں لاکھوں ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یاد رہے کہ غلام نبی آزاد قریب نصف صدی تک کانگریس سے وابستہ رہنے کے بعد علیحدہ ہوئے تھے۔
وادی کشمیر کی تینوں سیٹوں پر دو درجن سے زائد آزاد امیدواروں نے سیاسی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا جن میں صرف انجینئر رشید نے ہی کامیابی حاصل کی۔ تہاڑ جیل میں قید انجینئر رشید نے بارہمولہ نشست پر سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور کئی سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی پر الیکشن لڑ رہے سجاد غنی لون کو بھی شکست دی۔ وہیں ان انتخابات میں بارہمولہ نشست پر خاتون امیدوار ثریا نثار نے 21618 ووٹ حاصل کرکے اپنی جانب توجہ مبذول کرائی۔ سرینگر، بارہمولہ اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشستوں پر اکثر آزاد امیدواروں اور غیر معروف سیاسی جماعتوں کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے امیدواروں نے اوسطاً ایک ہزار کے آس پاس ہی ووٹ بٹورے۔ وہیں حیران کن طور پر غلام نبی آزاد کی پارٹی ڈی پی اے پی کی ٹکٹ پر سرینگر نشست سے الیکشن لڑ رہے عامر احمد بٹ محض 15104 ووٹ ہی بٹور سکے جو آزاد امیدوار ثریا نثار سے ایک چوتھائی کم ہے۔
بارہمولہ نشست پر عبد الرشید شیخ المعروف انجینئر رشید 472481 ووٹ لیکر کامیاب قرار دئے گئے، دوسرے نمبر پر عمر عبداللہ 268339 ووٹ حاصل کر پائے، 173239 ووٹ لیکر سجاد غنی لون تیسرے نمبر پر رہے۔ پی ڈی پی کے میر محمد فیاض 27488 ووٹ حاصل کرنے میں ہی کامیاب رہے جبکہ اس نشست پر آزاد امیدوار ثریا 21618 ووٹوں سے چوتھے نمبر پر رہی۔
یہ بھی پڑھیں: آمر وزیر اعظم کے لیے اتحادی حکومت چلانا مشکل ہوگا، عمر عبدللہ - Omar Abdullah on Modi
سابق وزراء اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے کی ہار تسلیم - Lok Sabha Election Result
سرینگر سے روح اللہ مہدی فاتح، مداحوں میں خوشی - Agha Ruhullah Mehdi Wins