پلوامہ: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گانگوہ میں جمعتہ الوداع کے موقعے پر امام جمعہ و جماعت مولانا شیخ غلام رسول نوری کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا۔ اس ریلی میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
اس عظیم الشان ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور غزہ میں جاری صیہونی بربریت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ ریلی کے دوران فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔
اس موقعے پر عظیم الشان ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نوری نے جمعتہ الوداع جسے امام خمینی ؒنے یوم القدس کے طور منانے کی تلقین کی تھی۔ عالم اسلام کو قبلہ اول کی بازیابی اور مظلوم فلسطینیوں پر ہو رہے اسرائیلی مظالم کے خلاف صف آراء ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کے لئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم قدس کے موقعے پر جموں کے بھٹنڈی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی - International QUDS DAY
انہوں نے مسلمانوں کو آپسی اتفاق و اتحاد کے ذریعہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان کو فلسطین کی حمایت میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔ ریلی میں مولانا امجد علی، مولانا مشتاق حسین اور ذی عزت شہری غلام محی الدین گنائی بھی موجود تھے۔