اننت ناگ (جموں کشمیر): عیدالاضحٰی کے سلسلے میں پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی عید نماز ادا کی گئی اور اس کے بعد قربانی کا سلسلہ جاری ہے جو تین دن تک رہے گا۔
اننت ناگ کے مختلف عید گاہوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی گئی۔ یہاں سب بڑی تقریب باغ نوگام میں منعقد کی گئی جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے عید نماز ادا کی۔
مولانا عبد الرشید دووادی نے امام کے فرائض انجام دئے اور عیدالاضحیٰ یعنی قربانی والی عید کے سلسلے میں اس خاص تہوار پر روشنی ڈالی۔
عیدالاضحٰی کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ ننھے بچوں نے بھی اس موقعے پر نماز ادا کی اور سب کو مبارباد دی۔ مسجد میں بچوں کی بھی کافی تعداد تھی۔ عید الاضحی کے ان روح پرور اجتماعات میں وادی میں مکمل امن وامان کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اننت ناگ میں نماز عید کے موقعے پر امام مسجد نے عید اور قربانی پر روشنی ڈالی اور اس کی اہمیت، فضیلت اور فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ اس موقع پر مولانا فیاض احمد رضوی نے مسلمانوں سے پورے احتیاط کے ساتھ عید الاضحیٰ منانے اور کسی بھی نوعیت کی کشیدگی سے بچنے کی اپیل کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلام میں عید الاضحیٰ کا تہوار پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت اور ان کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: