اننت ناگ (جموں کشمیر) : امرناتھ یاترا 2024 آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے اور روایتی طور چھڑی مبارک کو بدھ کے روز پوتر امرناتھ گھپا کی جانب روانہ کیا گیا، جس کی قیادت چھڑی مبارک کے نگراں مہینت دپیندر گری کر رہے ہیں۔ بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے مارٹنڈ سوریہ مندر میں پوجا اسنان کے بعد چھڑی مبارک کو روانہ کیا گیا ۔
گنیس بل مندر پہلگام سے چندن واڑی، شیش ناگ میں پڑاؤ کے بعد چھڑی مبارک کو 19 اگست شراون پورنیما کے موقع پر پوتر گھپا پہنچایا جائے گا جہاں پر خصوصی پوجا کے بعد چھڑی مبارک کو دشمی اکھاڑہ واپس بھیج دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی امرناتھ یاترا 2024 اختتام پذیر ہوگی۔
مذہبی روایت کے مطابق مارٹنڈ سوریا مندر مٹن، اننت ناگ میں بدھ کے روز چھڑی مبارک کی آمد ہوئی۔ اس موقع پر کشمیری پنڈتوں کی طرف سے چھڑی مبارک کا استقبال بڑے جوش و خروش سے کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مارٹنڈ سوریا مندر کے احاطہ میں مارٹنڈ تیرتھ ٹرسٹ کی جانب سے ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی جس میں جموں کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر بھجن کیرتن اور پرشاد وترن کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
چھڑی مبارک کے نگراں مہینت دپیندر گری کی قیادت میں چھڑی مبارک کو مارٹنڈ سوریا مندر پہنچانے کے بعد خصوصی پوجا اور چھڑی مبارک کا اسنان کیا گیا، اسنان اور تمام مذہبی لوازمات انجام دینے کے بعد چھڑی مبارک کو پہلگام کے گوری شنکر مندر روانہ کیا گیا۔ جہاں سے چھڑی مبارک کو مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امسال امرناتھ یاترا 2024 باون روز پر مشتمل ہے۔ 29 جون سے شروع ہوئی اس یاترا کے دوران اب تک 5 لاکھ سے زائد یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چھڑی مبارک کی روانگی کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے انتظامات مکمل - chari Mubarak