پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے حجام محلہ، پنجگام علاقے کے باشندوں نے محکمہ تعمیرات عامہ (محکمہ آر اینڈ بی) اور محکمہ بجلی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقے کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی اور بجلی کے ناقص نظام کے خلاف احتجاج کیا۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ علاقے کی رابطہ سڑک کئی برسوں سے خستہ حال ہو چکی ہے جبکہ بجلی کا نظام بھی ابتر ہے، جس کے سبب لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں سخت دقتیں پیش آتی ہیں، بارشوں اور برفباری کے بعد سڑکوں پر جمع کیچڑ سے سڑکوں پر چلنا پھرنا ناممکن بن جاتا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے علاقے میں خستہ حال بجلی ٹرانسمیشن کے تئیں بھی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی ترسیلی لائنز بوسیدہ ہو چکی ہیں جبکہ کئی مقامات پر کھمبے کے بجائے بجلی لائنز لکڑی کے عارضی کھمبوں اور درختوں کے ساتھ باند دی گئی ہیں، جبکہ قدیم بجلی کھمبے بھی انتہائی بوسیدہ ہو چکے ہیں، جو کبھی بھی اکھڑ سکتے ہیں اور بڑے حادثے کا موجب بن سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: مقدم محلہ، ترال کی آبادی آر اینڈ بی محکمے سے نالاں
اس حوالہ سے جب ڈپٹی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت کے ساتھ بات کی گئی تو انہوں نے ان مسائل کا جلد ازالہ کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بجلی اور سڑک کے حوالہ سے درپیش مشکلات کا بہت جلد ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’محکمہ بجلی آر ڈی ایس ایس اسکیم کے تحت ضلع میں بجلی نظام کو بہتر بنا رہی ہے جس کے تحت جلد ہی کام شروع کیا جائے گا۔‘‘