اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے جنگلات منڈی میں موجود تاریخی مرکزی حنفیہ عیدگاہ خستہ حالی کا شکار ہے، جموں کشمیر وقف بورڈ کے زیر نگراں عیدگاہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، مذکورہ عیدگاہ میں برسوں سے عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوتا ہے، جہاں پر سینکڑوں کی تعداد لوگ عید کی نماز ادا کرتے ہیں۔
تاہم عدم توجہی کی وجہ سے عیدگاہ کی شان رفتہ متاثر ہوئی ہے۔ عیدگاہ کی دیواریں خستہ ہو چکی ہیں۔ وہیں صاف و صفائی کے فقدان کے سبب عیدگاہ کوڑے دان میں تبدیل ہوگئی ہے۔ مذکورہ عیدگاہ آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکی ہے اور عیدگاہ میں دن بھر آوارہ کتے گھومتے رہتے ہیں، جس کے سبب لوگوں کو عیدگاہ میں جانے سے خوف محسوس ہو رہا ہے۔ وہیں منشیات کے عادی لوگوں نے عیدگاہ کو اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے۔
مزید پڑھیں: تاریخی عید گاہ سرینگر میں کیا واقعی امسال نمازعید ادا ہوگی؟
جاوید گُل نام کے ایک مقامی باشندہ نے کہا کہ عیدگاہ میں منشیات فروشوں نے ڈھیرہ ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی موجودگی سے عیدگاہ میں لوگ جانے سے ڈرتے ہیں۔ ایک اور نوجوان عامر حسین نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ مذکوہ تاریخی عیدگاہ میں تجدید و مرمت کا کام شروع کرے اور اسے جدید عیدگاہ بنایا جائے۔ عوام نے عیدگاہ کے تئیں انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدم توجہی کی وجہ سے تاریخی عیدگاہ کی شان کافی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے عیدگاہ کی تجدید ومرمت کا مطالبہ کیا۔