سرینگر: وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعرات کے روز کہا کہ بخشی اسٹیڈیم سرینگر میں عوام الناس کا سیلاب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کشمیری عوام مودی جی سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بدل گیا ہے ، بندوقوں اور پتھروں کی جگہ اب کمپیوٹر اور آئی پیڈ نے لی ہے۔ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے سری نگر میں عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی ہم سب کے محبوب رہنما اور دنیا کے مقبول ترین وزیر اعظم ہیں جن کی آواز دنیا کے ہر ملک میں سنجیدگی کے ساتھ سنی جاتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا :’بخشی اسٹیڈیم سرینگر میں عوامی سیلاب اس بات کا عکاس ہے کہ کشمیر کے لوگ نریندر مودی کو بے حد پسند کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ سرینگر میں لوگوں کا ہجوم مودی کا پریوار ہے اور یہ پریوار جمعرات کی صبح سے ہی مودی جی کی آمد کا منتظر تھا۔ان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر کے عوام کو بدحالی کے دلدل سے نجات دلا کر ان کا مقدر بدل دیا۔
مرکزی وزیر کے مطابق جموں وکشمیر اب بدل گیا ہے، جن ہاتھوں میں کل تک بندوق تھی آج ان میں آئی پیڈ اور کمپیوٹر ہیں۔وہ انگلیاں جو کل تک خون سے رنگی ہوئی تھی آج پشمینہ کے دھاگے سے اپنے ہنر دکھا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:
- سرینگر ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے اہم نکات
- نریندر مودی نے کشمیر کو بہشت بنایا، ایل جی منوج سنہا
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں اداسی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور آج دریائے جہلم سے امید کا ساگر چھلک رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ہر شہری وزیر اعظم کی انگلی پکڑ کر وکست بھار ت اور وکست جموں وکشمیر کے کارواں میں شامل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے-مرکزی وزیر نے کہاکہ مودی جی کی ریلی میں شرکت کے لئے لوگوں میں کافی جوش اور جذبہ پایا گیا۔
(یو این آئی)