بارہمولہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 179بٹالین کی جانب سے طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ طبی کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے درجنوں مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ طبی کیمپ میں بزرگوں، بچوں اور خواتین کی بھی خاصی تعداد نے شرکت کی اور طبی کیمپ سے مستفید ہوئے۔
اس موقع پر ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سی آر پی ایف کے افسران نے کہا کہ وادی کشمیر کے دیگر حصوں کی طرح سوپور کے دور دراز علاقوں میں بھی مسلسل میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس سے لوگوں کو کافی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ سی آر پی ایف نے مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپس کے انعقاد کی یقین دہانی کی۔
ادھر، کیمپ میں آئے مریضوں نے سی آر پی ایف کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس طرح کے کیمپس سے غریب عوام کو فائدہ ملتا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا بہتر معائنہ کیا، ان کی تشخیص کی اور انہیں مفید مشوروں سے نوازا۔ لوگوں نے کیمپ کے دوران ادویات مفت تقسیم کئے جانے کے عمل کی بھی سراہنا کی۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ کے رامپورہ میں سی آر پی ایف کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد - Free Medicle Camp In Bandipora