سرینگر (جموں کشمیر) : سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں چار رہائشی مکان خاکستر ہو گئے۔ آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کی گھریلو اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔ آتشزدگی کے سبب گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کی اس ہولناک واردات نے کئی کنبوں کو کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا ہے۔
پائین شہر کے پتھر مسجد، اسلام یاربل علاقے میں دوران شب ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل تین مزید رہائشی ڈھانچوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پرویز احمد صوفی کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس نے چند سیکنڈوں کے اندر ہی مزید تین مکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ میں شبانہ آتشزدگی، 8 رہائشی مکان خاکستر
مقامی باشندوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ اور مقامی رضاکاروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں چار رہائشی مکان پوری طرح خاکستر ہو گئے۔ متاثرین، مقامی باشندوں نے آگ کے سبب ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر، پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔