جموں: سری نگر جموں شاہراہ پر جھجرکوٹلی کے نزدیک درمیانی شب ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق درمیانی شب سری نگر جموں شاہراہ پر جھجر کوٹلی کے نزدیک ٹرک نے سیوفٹ گاڑی کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی کنبے کے پانچ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو فوی طورپر طبی امداد کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے چار افراد کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت نیتن ڈوگرا، اس کی بیوی ریتو ڈوگرااور ان کے دو بچے خوشی ڈوگرا اور وینی ڈوگرا کے بطور کی گئی ہے جبکہ اس حادثے میں زخمی ہوئی بچی کی پہچان برندا ڈوگرا کے بطور ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ برندا ڈوگرا کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور اس کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔
مزید پڑھیں: کوکرناگ سڑک حادثہ میں سرینگر کے میاں بیوی زخمی
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ درمیانی شب جھجر کوٹلی کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے سیوفٹ گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری جس دوران گاڑی ایک اور ٹرک سے جاٹکرانے کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے اور بعد ازاں ہسپتال میں میاں بیوی سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی