جموں: مرتضیٰ خان نے کہا کہ پہاڑی قبیلے کے لوگ بی جے پی کی جانب سے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کے لیے امیدوار کھڑا نہ کرنے کے بعد مایوسی اور ناخوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ طویل غور و خوض کے بعد اب پہاڑی ٹرائب، جو پونچھ اور راجوری میں پہاڑی قبیلے کی نمائندگی کرنے والی ایک اعلیٰ تنظیم ہے، نے پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی کی غیر مشروط حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرتضیٰ خان نے مزید کہا کہ پہاڑی گذشتہ چار دہائیوں سے ایس ٹی کا درجہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔ فورم کے رہنماؤں نے راجوری اور پونچھ کے پہاڑی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 25 مئی کو اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ پر پولنگ والے دن محبوبہ مفتی کے حق میں اپنا ووٹ ڈالیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی کو عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے: التجا مفتی
سابق ممبر قانون سازکونسل ایڈووکیٹ مرتضیٰ خان پی ڈی پی کے بنیادی رکن تھے جو 2014 کے اسمبلی الیکشن سے قبل تنظیم سے علیٰحدہ ہوگئے تھے۔ تاہم انہوں نے دوبارہ سے پارٹی کو حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ مرتضیٰ خان نے پارٹی قیادت پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کریں گے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 سات مراحل میں ہو رہے ہیں جن میں آخری مرحلے کی پولنگ یکم جون کو ہوگی اور اس کے بعد چار جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔