بانڈی پورہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ کے سابق رکن اسمبلی نظام الدین بٹ نے آج کارکنان کے ساتھ ایک اہم جلسے کو خطاب کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس سے علیحدہ ہونے کا اعلان کردیا۔اس جلسے میں درجنوں کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نظام الدین بٹ نے باضابطہ طور پر پیپلز کانفرنس سے استعفیٰ دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں پیپلز کانفرنس کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا اس کے لیے پارٹی کے تمام لوگ ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دراصل اس شکست کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگوں نے سجاد لون کو بی جے پی کا ڈمی امیدوار سمجھا۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران ایک ایسی لہر پیدا ہوگئی جو سجاد لون کی شکست کا باعٹ بھی بنی۔
واضح رہے کہ نظام الدین بٹ ایک لمبے عرصے تک پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ منسلک رہے۔ اسی جماعت کی ٹکٹ پر انہوں نے بانڈی پورہ سے کامیابی حاصل کرکے ایم ایل اے بننے کا شرف حاصل کیا۔ تاہم بعد میں انہوں نے پی ڈی پی سے کنارہ کشی اختیار کرکے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔
یہ بھی پڑھیں:انجینئر رشید کی حلف برداری، این آئی اے نے ظاہر کی مشروط رضامندی
اب پیپلز کانفرنس سے کنارہ کشی اختیار کرکے نظام الدین بٹ کا اگلا اقدام کیا ہوگا ۔انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیں گے۔