سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کو 10 سال حکومت کرنے کے بعد الیکشن قریب آتے ہی افسپا کی منسوخی یاد آئی، لیکن دو بار حکومتی معیاد پوری کرنے کے دوران ان لوگوں کو اس کالے قانون کی منسوخی کا خیال نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے 2011 میں افسپا کے خلاف جدوجہد شروع کی تو اُس وقت اِسی حکومت کے وزیر جنرل وی کے سنگھ ،جو اُس وقت فوج کے سربراہ تھے، نے اس کی مخالفت کی اور افسپا کی منسوخی کے پروگرام کو سبوتاژ کیا اور آج یہ لوگ جموں وکشمیر کے عوام کو فریب دینے نکلے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے سوپور میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ”افسپا تو ہم بعد میں دیکھیں گے۔ میں وزیر داخلہ سے اپیل کرتا ہوں کہ پہلے یہاں کے عوام کا ہائے وے پر چلنا آسان کیجئے، یہاں کے عوام کو ہائی وے پر بلا وجہ روکا جاتا ہے، کانوائے چلنے کے وقت ڈھنڈے برسائے جاتے ہیں، کالے جھنڈے دکھائے جاتے ہیں، پہلے آپ اس پر روک لگا کر دکھائے، پھر ہم مانیں گے آپ افسپا کی منسوخی میں بھی سنجیدہ ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں ہمارے نوجوان باہر کی جیلوں میں بند ہیں، پہلے اُنہیں یہاں لانے اور چھوڑنے کا کام تو کیجئے۔“ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیر داخلہ صاحب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پہلے فرضی انکاﺅنٹر ہوتے تھے لیکن اب نہیں ہوتے، میں اُن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ زبانی جمع خرچ کے بجائے ان فرضی انکاﺅنٹروں کی انکوائری بٹھائیں تاکہ یہ پتہ چلے کہ کس نے یہ فرضی انکاﺅنٹر کیے۔
"ہم بھی مطالبہ کرتے آئے ہیں کہ یہاں ہوئے ظلم کی تحقیقات کی جائے، لیکن جہاں تک ہم جانتے ہیں موجودہ حکومت نے مژھل فرضی انکاﺅنٹر اور امشی پورہ فرضی انکاﺅنٹر کے خاطیوں، جن کو فوجی عدالتوں میں قصوروار پایا گیا تھا، کو بری کروایا۔"
عمر عبداللہ نے کہا کہ آج ایک نیا چلن شروع کیا گیا ہے ، جس کے تحت علیحدگی پسند لیڈروں کے پوتے پوتوں کو اخبارات میں لاتعلقی کے اشتہارات شائع کروانے کیلئے کہا جارہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ دل کی دوری اور دلی کی دوری کو ختم کرنا ہے لیکن ڈرا دھمکا کے دل نہیں جیتے جاسکتے ہیں، اگر آپ واقعی یہاں کے لوگو ں کے دل جیتنا چاہتے ہیں تو شروعات کیجئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پکڑ دھکڑ، مار دھاڑ، گرفتاریوں، اشتہار لگوانا بند کیجئے کیونکہ 5اگست 2019 کے بعد لوگوں کی زندگی میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی ہے۔جموں وکشمیر کے لوگ تو پہلے ہی پریشان ہیں, لیکن آج وہ بھی سراپا احتجاج ہیں جنہوں نے اُس دن مٹھیا بانٹیں، ناچا، گایا، جشن منایا تھا اور کہا تھا کہ آج ہم آزاد ہوگئے، کل ہی اُن میں ایک شخص نے 21دن بھوک ہڑتال کرکے جوس کا گلاس پیا اور کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے ساتھ اس سے بہتر تھے کہ ہمیں کشمیر کیساتھ سے واپس جوڑا جائے۔
این سی نائب صدر نے کہا کہ آج بھاجپا اے ٹیم، بی ٹیم، سی ٹی اور ڈی ٹیم کو ایک ہی سٹیج پر لانے میں لگی ہے، مقصد نیشنل کانفرنس اور ہل والے جھنڈے کو کمزور کرنا لیکن جس طرح سے 1977میں جنتا اور اس کے اتحادیوں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اس بار بھی نتائج اُسی طرح کے ہونگے۔
سوپور کے عوام کی بے رُخی اور ناراضگی حق بہ جانب قرار دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ حکمرانوں نے اس تاریخی علاقے کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، جو پُل اور دیگر سرکاری کام ہم نے 2014 سے پہلے شروع کئے تھے، وہ آج بھی مکمل نہیں ہو پائے ہیں، یہاں قائم ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی کا حال خراب ہے۔
موجودہ حکومت نے یہاں کی فروٹ انڈسٹری کو تہس نہس کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑی۔ دکھانے کیلئے یہ الیکشن کیلئے سیب کا نشان رکھتے ہیں لیکن اس سیب کو ان لوگوں نے اندر اندر سے ہی کھوکھلا کردیاہے۔
مرکزی حکومت نے دوسرے ملکوں کو خوش کرنے کیلئے بیرون ملک سیبوں پر ایکسائز ڈیوٹی اتنی کم کردی کہ اب سیب امریکہ ، چین،ایران، برطانیہ اور باقی ملکوں سے آتا ہے اور ہمارے سیب کو کوئی خریدنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ممبران پارلیمان نے دلی میں ہر ایک وزارت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور لوک سبھا میں بار بار کہا کہ آپ جو یہ ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کا کام کررہے ہیں یہ ہمارے عوام کی پیٹھ پر لات مارنے کے مترادف ہے،تاہم اس کی اَن سنی کی گئی۔
لیکن افسوس اس بات ہے کہ جو خود ساختہ لیڈر خود کو وزیر اعظم مودی کا چھوٹا بھائی جتلاتا ہے، اُس نے اپنے بڑے بھائی کے پاس جاکر یہ معاملہ اُٹھانے کی زہمت گوارا نہیں کی، چھوٹے بھائی ہونے کے ناطے تو وزیر اعظم آرام سے اُس کی بات مان جاتے، لیکن اس وقت خاموش رہے اور اب الیکشن کے دوران کہیں گے وہ یہاں کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھیں:
- "افسپا" کو ہٹانا صرف جملہ بازی تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے، محبوبہ مفتی
- افسپا کو ہٹانے، فوجیوں کو واپس بلانے پر غور کر رہے ہیں: امیت شاہ
عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ لوگ گھسیٹ گھسیٹ کر سرکاری ملازمین کو وزیر اعظم کے جلسے میں لے جاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ 5 اگست 2019 کے بعد سب خوش ہیں اور ہم کہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے عوام کو یہ فیصلے ناقابل قبول ہیں اور یہ پیغام دینے کیلئے پارلیمانی انتخابات ہمارے پاس بہترین موقع ہے۔
(یو این آئی)