جموں (جموں کشمیر) : منگل کو صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں بٹال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران ہلاک ہوئے بہادر فوجی اہلکار کے اعزاز میں جموں میں گلباری کی تقریب منعقد کی گئی۔ بدھ کو جموں میں ٹیکنیکل ایئر فورس اسٹیشن فوجی اعزاز کے ساتھ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جی او سی 16 کور، لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا، اے وی ایس ایم، ایس ایم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، وائٹ نائٹ کور، جی او سی 26 انفنٹری ڈویژن میجر جنرل مکیش بھانوالہ اور دیگر اعلیٰ سیول اور سیکورٹی افسران نے لانس نائک سبھاش چندر کی میت پر گلباری کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔ ہلاک ہونے والے 28سالہ لانس نائک سبھاش چندر ریاست اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع کے رہائشی تھے۔ فوج نے اس سانحے پر سوگوار خاندان کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ فوج نے منگل کے روز صبح 3 بجے پونچھ ضلع کے بٹال سیکٹر میں مشتبہ عسکریت پسندوں پر گولیاں برسا کر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، تاہم دراندازوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے سبب سبھاش شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہوئے فوجی سبھاش کو نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Floral Tribute to Bipin Rawat : بپن راوت کی برسی، بارہمولہ میں فوج کی جانب تقریب منعقد