سرینگر (نیوز ڈیسک) : جموں وکشمیر کے ادھمپور ضلع میں انڈسٹریل ایریا میں آگ لگنے سے علاقے میں سراسیمگی کا ماحول ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کی یہ واردات ضلع کے بٹل بلیان انڈسٹریل علاقے کو بجلی فراہم کرنے والے ایک پاور گرڈ میں جمعرات کی صبح اچانک نمودار ہوئی۔ آگ سے متعلق ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔
عہدیدار نے انڈسٹریل ایرئیا میں آگ لگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل علاقے کو بجلی فراہم کرنے والے ایک پاور گرڈ کے ٹرانسفارمر سے آگ نمو دار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا جنہوں نے کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آفیشلز کے مطابق آگ چونکہ ایچ ٹی ٹانسفارمر میں لگی تھی اس لئے فائر ٹینڈرز کی خصوصی ٹیم کو طلب کیا گیا۔
آگ کے سبب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم آگ کے سبب ہوئے نقصان کا جائزہ لینے اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر، آگ لگنے کے سبب انڈسٹریل ایریا میں کئی گھنٹوں تک بجلی سپلائی متاثر رہی۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں آتشزدگی کے واقعات میں ہر سال ہزاروں کروڑ روپے کی املاک کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ آگ کے سبب کئی جانیں بھی تلف ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: بانڈی پورہ میں آتشزدگی، رہائشی مکان خاکستر - Bandipora House Gutted