جموں: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے سیٹوں کے تقسیم کے بارے میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے ساتھ عنقریب حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار جموں اور ادھم پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس کی جیت ہوگی۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ادھمپور میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'سیٹر شیئرنگ کے بارے میں بات چیت چل رہی ہے اور آنے والے ایک دو دنوں میں واضح ہوگا کہ کون کس سیٹ پر الیکشن لڑے گا'۔
انہوں نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'ڈاکٹر جیتندر سنگھ جی دس برسوں سے ادھم پور پارلیمانی نشست کے رکن پارلیمان ہیں اور مرکزی وزیر بھی ہیں لیکن ان کی کارکردگی صفر ہے، میں خود اس نشست کا ووٹر ہوں لیکن ہم دس برسوں میں ان کو یہاں کبھی نہیں دیکھا'۔
وقار رسول نے دعویٰ کیا کہ جموں اور ادھم پور پارلیمانی نشستوں پر اب کانگریس کی جیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ لوگ مودی جی کے نام پر ووٹ حاصل کرتے تھے مجھے لگتا ہے کہ اب لوگ ان کو مودی جی کے نام پر ووٹ نہیں دیں گے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اب کی بار جو کانگریس کے امیدوار ہوں گے وہی جموں اور ادھم پارلیمانی نشستوں پر بھاری اکثریت سے جیت حاصل کریں گے'۔
مزید پڑھیں:
- پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی جموں و کشمیر کی ایک بھی سیٹ نہیں جیتیں گی: وقار رسول وانی
- لوک سبھا انتخابات، محبوبہ مفتی کی کشمکش
ان کا دعویٰ تھا کہ جموں وکشمیر میں مہنگائی اور بے روز گاری کافی بڑھ گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی اپویشن جماعتیں متحد ہو رہی ہیں۔
(یو این آئی )