سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ اسلام ہمیں دوسرے مذہبوں کی عزت کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کبھی کسی ماں یا بہن کا منگل سوترا نہیں چھین سکتا ہے۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا 'مجھے افسوس ہے کہ وزیر اعظم نے ایسی بات کی ہے، اسلام ہمیں سب کے ساتھ اچھا سلوک روا رکھنا سکھاتا ہے' مسلمان کبھی کسی ماں، بہن کا منگل سوترا نہیں چیھنے گا'۔ان کا کہنا تھا: 'میں بھی مسلمان ہوں قرآن ہمیں دوسروں سے نفرت کرنا نہیں سکھاتا ہے'۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان میں ایک انتخابی ریلی کے دوران متنازعہ ریمارکس دیئے جہاں انہوں نے بھارت میں مسلمانوں کو "درانداز" قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن پارٹی ملک کی دولت ان لوگوں میں تقسیم کرے گی جن کے زیادہ بچے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک کی 28 ریاستوں میں 'ون نیشن' 'ون الیکشن' ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا: 'بی جے پی چاہتا ہے کہ جس طرح روس میں پوتن بیٹھا ہوا ہے، اسی طرح وہ اپنے وزیر اعظم کو یہاں بٹھانا چاہتے ہیں'۔ سید الطاف بخاری کے سجاد لون کو حمایت کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: 'میں آزاد صاحب، سجاد صاحب اور بخاری صاحب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ دیکھیں جن کی طرف سے وہ کھڑے ہیں ان کا مسلمانوں کے ساتھ کیسا رویہ ہے'۔
(یو این آئی )