سرینگر: مرکز کے زیر انتظام مسلم اکثریتی علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں آج عید الالضحیٰ کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ صبح سویرے سے ہی ہزاروں فرزندان توحید مساجد اور عیدگاہوں کی جانب تکبیرات بلند کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ سرینگر میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد سرینگر اور آثار شریف حضرت بل میں ہوگا جب کہ جموں، لیہہ اور کرگل کے عیدگاہوں اور جامع مساجد میں بھی لاکھوں لوگ عید کی نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ عید کے موقعے پر نمازیوں کو سہولیات بہم رکھنے کے لیے تمام تر انتطامات کیے گئے ہیں اور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت آسان بنانے کے لیے بھی انتظامیہ مستعد ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا مقدس دن بے لوث قربانی ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے عوام کو دعوت دی کہ اس موقعے پر یہ عہد تازہ کریں کہ اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کے جذبے کو مزید پختہ بنائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق، نیشنل کانفرنس کے لیڈران ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور سابق وزیر اعلیٰ و پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی عوام کو عید کی مبارک باد دی۔
جموں و کشمیر اور لداخ مین اس بار عید کی تقریب پورے ملک کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ عید الفطر کے موقعے پر جموں و کشمیر میں رویت ہلال کے علیٰحدہ نظام کی وجہ سے باقی ملک سے ایک روز قبل ہی عید کا اعلان کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا تہوار دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے