سرینگر (جموں کشمیر) : الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) جو کہ سرینگر کے دو روزہ دورے پر ہے، نے اپوزیشن سیاسی جماعت پینتھرس پارٹی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ پینتھرس پارٹی کے ایک وفد، جس کی قیادت پارٹی کے صدر ہرش دیو سنگھ کر رہے تھے، کا کہنا ہے کہ انہیں ای سی آئی نے آج میٹنگ کے لیے مدعو کیا تھا۔ سنگھ نے میڈیا کو دعوت نامہ بھی دکھایا لیکن میٹنگ کے مقام، ایس کے آئی سی سی پر تعینات جموں و کشمیر پولیس نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔
نہ تو ای سی آئی نے اور نہ ہی جموں و کشمیر پولیس یا سول انتظامیہ نے ہرش دیو سنگھ کو آخری لمحات میں میٹنگ سے انکار کرنے کی کوئی وجہ بتائی ہے۔ سنگھ اور ان کے وفد کو دعوت کے باوجود ای سی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انکار پر ناراض سنگھ نے بی جے پی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ’’ای سی آئی، مرکزی حکومت کے کہنے پر کام کر رہی ہے۔‘‘
ایس کے آئی سی سی کے باہر اپنے حامیوں سمیت احتجاج کرتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے بی جے پی کو راست تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا: ’’یہ تاناشاہی نظام جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے، تاہم پینتھرس پارٹی نے ہمیشہ ظلم اور تاناشاہی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔‘‘ ہرش دیو سنگھ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ پارٹی ہونے کے باوجود انہیں ای سی آئی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات سے روکنا جمہوری روح کے عین مخالف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا کشمیر دورہ منگل کو متوقع