پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کی ایک عدالت نے ایک کوئنٹل بھنگ کے پتے اور 1.2 کلو گرام چرس رکھنے کے جرم میں ایک شخص کو دس سال قید با مشقت کی سزا سنائی۔ کورٹ نے اس پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، پلوامہ، نصیر احمد ڈار نے ایک حکمنامہ میں کہا کہ ملزم کو سیکشن 20 (سی) این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔
کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا: ’’مجرم کے قبضے سے 104.400 کلو گانجہ اور 1.200 کلو چرس برآمد ہوئی ہے اور اس لیے مذکورہ مقدار تجارتی مقدار کے زمرے میں آتی ہے جس کی وضاحت NDPS ایکٹ کے تحت 2001 کے نوٹیفکیشن نمبر 1055-E میں کی گئی ہے۔‘‘ عبد الحمید بٹ ولد محمد اسماعیل بٹ ساکنہ لیہار، کاکاپورہ کو سزا سناتے اور جرمانہ عائد کرتے ہوئے اور عدالت نے کہا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید تین ماہ قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔
عوامی حلقوں کی جانب سے منشیات فروش کو دس سال قید کی سزا سنائے جانے کے فیصلے کی پذیرائی کی جا رہی ہے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ اس طرح کے سخت اقدامات کی وجہ سے منشیات فروش ممکنہ طور پر اس غلط کام سے دور رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر میں کئی منشات فروشوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ، دو ’مطلوب‘ منشیات فروش جیل روانہ