پلوامہ: ڈائریکٹر سیریکلچر اعجاز احمد نے آج ضلع پلوامہ کا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے نکاس پلوامہ میں موجود شہتوت نرسری کا دورہ کرکے شہتوت کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کی شروعات کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سیریکلچر نے بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ معیاری سائز کے شہتوت کے پودے کشمیر ڈویژن کے کسانوں میں مفت تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ 150 سے 300 شہتوت کے پودے پر دلچسپی رکھنے والے کسان کو مراعات کے ساتھ فراہم کر رہا ہے، تاکہ وہ اپنے شہتوت کے فارم قائم کر سکیں۔
انہوں نے کسانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محکمے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ہر قسم کی توسیع کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: عالمی یوم جنگلات کے موقع پر شوپیاں میں شجرکاری مہم کا اہتمام
واضح رہے کہ دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعرات کو موسم بہار کی آمد پر منائے جانے والے تہوار 'نوروز' کی تقریبات شروع ہوگئیں۔'نوروز' کے تہوار کے ساتھ ہی وادی میں چھوٹے بڑے پارکوں میں پھول پودے اور میوہ باغات میں مختلف اقسام کے میوہ درخت لگانے کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔
ایرانی کلینڈر کے مطابق 'نوروز' سال نو اور بہار کا ایک ساتھ استقبال کرنے کا دن ہے اور وادی میں اسے موسم بہار کے استقبال اور اس دن رونما ہونے والے تاریخی واقعات کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔