سرینگر (جموں کشمیر): اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے یونین ٹیریٹری کے تمام تعلیمی اداروں میں صبح کی اسمبلیوں کا آغاز قومی ترانے سے شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ’’معیاری پروٹوکول‘‘ کو لازمی قرار دیا ہے۔ جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے پرنسپل سیکریٹری، آلوک کمار کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں ’’رہنما خطوط اور نظم و ضبط کے ساتھ اسکولوں میں دن کی مثبت شروعات‘‘ کے لیے اسمبلیوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ’’صبح کی اسمبلی، تعلیمی نظام کے لیے بہتر پریکٹس ثابت ہوئی ہے، جو اخلاقی سالمیت، اخوت اور ذہنی سکون کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوئی ہے۔‘‘ کمار نے سرکیولر میں کہا کہ جموں و کشمیر کے سبھی اسکولوں میں اس اہم روایت کی مستقل طور پر پاسداری نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یکسانیت کو یقینی بنانے کے لیے، یہ ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز صبح کی اسمبلیاں جاری کردہ ہدایات کے مطابق انجام دیں۔‘‘
حکمنامے میں سبھی اسکولوں کو صبح کی اسمبلی 20 منٹ تک انجام دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جس میں طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی شامل رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکمنامے میں مارننگ اسمبلی کا آغاز معیاری پروٹوکول کے مطابق قومی ترانے سے شروع کرنے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سرکیولر میں آزادی کے ہیروز کی کہانیاں بیان کرنے کے علاوہ دیگر سرگرمیاں انجام دینے کی ہدایت دی گئی جس میں صحت سے متعلق ٹپس اور ہر ہفتے ایک تھیم منتخب کرنے کو کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Mamata Banerjee ممتا بنرجی نے قومی ترانہ کی توہین نہیں کی ہے، عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا