پلوامہ: پروگرام کے دوران محمکہ بھیڑ پالنے کے ماہرین اور ڈاکٹروں نے بھیڑوں میں بیماری سے بچاؤ اور مویشیوں میں ویکسینیشن کے عمل پر مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو محکمہ کی مرکزی معاونت والے اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا اور بھیڑوں میں بیماری کی روک تھام اور بھیڑوں کی ویکسینیشن کے عمل کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کے علاؤہ بھیڑ پالن سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
اس سلسلے میں بھیڑ پالنے والے مشتاق احمد نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ کی اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے اور بھیڑ پالنے والے یونٹ سے اچھی خاصی کمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند ملک کے نوجوانوں کو خود روزگار بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اور دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کرنے کے لئے حکومت کی اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر بشارت قیوم نے سمپوڑنتا ابھیان کا آغاز کیا
محکمہ بھیڑ پالن پلوامہ کے ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ محکمہ ضلع کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مرکزی معاونت والے اسکیموں کو مکمل طور پر پورا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ مرکزی معاونت والے اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے ۔اس کاروبار سے منسلک افراد کو بھیڑوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں اور دیگر ضروری معلومات کے بارے میں جانکاری فراہم کی جا سکے۔