بانڈی پورہ: محکمہ سوشل ویلفیئر کے کمشنر سیکریٹری نے شمالی کشمیر کے پولنگ مراکز کا دورہ کیا اور جسمانی طور خاص افراد کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پیر کو شمالی کشمیر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرکے کمشنر سیکریٹری اقبال لون نے اپنے آبائی گاؤںاشٹینگو، بانڈی پورہ کا بھی معائنہ کیا اور ووٹ بھی ڈالا۔ پیر کو شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست بارہمولہ پر جاری لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے تحت ووٹنگ ہوئی۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اقبال لون نے پولنگ سٹیشنوں پر معذور افراد کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: ’’جسمانی طور خاص افراد کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن پر وہیل چیئرز موجود ہیں تاکہ معذور افراد کو ووٹ ڈالنے میں کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘ انہوں نے الیکشن کو صاف و شفاف اور پر امن طریقے پر منعقد کیے جانے کے حوالہ سے سبھی محکمہ جات، انتظامیہ خاص کر سیکورٹی ایجنسیز کی بھی ستائش کی۔
یاد رہے کہ بارہمولہ پارلیمانی نشست پر پانچویں مرحلہ کے تحت ووٹنگ ہوئی اور اس نشست پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، سابق وزیر سجاد غنی لون اور تہاڑ جیل میں قید سابق رکن اسمبلی عبد الرشید شیخ (المعروف انجینئر رشید) کے علاوہ ڈیڑھ درجن کے قریب افراد اپنی سیاسی قسمت آزما رہے رہیں۔ لوک سبھا انتخابات 2024کل سات مراحل میں منعقد ہو رہا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی چار جون کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ میں دولہا اور دلہن نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا - bride and groom cast their vote