گاندربل: جموں وکشمیر کے گاندربل میں رجسٹریشن میلہ کا افتتاح عمل میں آیا۔ جس میں 44 افراد کو فوڈ آؤٹ لیٹ کے لائسنس فراہم کیے گئے۔ کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن حشمت علی یتو نے گاندربل میں لائسنس اور رجسٹریشن میلے کا افتتاح کرتے ہوئے درجنوں فوڈ آؤٹ لیٹ اور ریسٹورنٹ سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس تقریب میں جوائنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی سنجیو کمار، ڈپٹی کمشنر فوڈ سیفٹی کشمیر شگوفہ جلال، اسٹیٹ نوڈل آفیسر فردوس احمد، ضلع آفیسر فوڈ سیفٹی شیراز احمد، فوڈ سیفٹی انسپکٹر شیخ عباس اور فیاض احمد بٹ سمیت گاندربل ضلع کے مختلف مقامات پر فوڈ آؤٹ لیٹ، ریستوران، اور تجارت پیشہ افراد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
گاندربل میں میلہ کھیر بھوانی جوش و خروش سے منایا گیا - Mela Kheer Bhawani of Ganderbal
میلے کے دوران ان 44 افراد کو لائسنس اور رجسٹریشن فراہم کیے گئے، جنہوں نے درخواست دی تھی۔ اس موقع پر میلے میں صارفین اور شرکاء کے لیے نمائش میں مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جن میں دیسی مصنوعات، کھانے پینے کے مشروبات سمیت اشیاء خورد ونوش رکھے گئے تھے۔ اس موقع پر فوڈ بزنس آپریٹرز بشمول مینوفیکچررز، ریٹیلرز، ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشنز وغیرہ کے نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف مسائل پر مفصل تبادلۂ خیال کرتے ہوئے صارفین کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جوابات دیے گئے۔ محکمۂ فوڈ سیفٹی افسران کی جانب سے فوڈ سیفٹی ایکٹ، 2006 میں کی گئی تازہ ترین ترامیم کے بارے میں بھی روشنی ڈالی گئی۔