سرینگر: جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے حول علاقے میں آج دوپہر ایک پولیس گاڑی نے مبینہ طور ایک شہری کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے مذکورہ شہری کی موت واقع ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق حول علاقے میں فردوس سینما کے قریب سڑک پر جارہی پولیس گاڑی نے اچانک ایک شخص کو ٹکر ماردی، جس کی شناخت 65 برس کے عبدالسلام کے طور پر کی گئی ہے۔ مذکورہ شہری کو فوری طور پر صورہ ہستپال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں شہری کی موت کی تصدیق کی۔
اس حادثے سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے جس میں ایک پولیس گاڑی کو دیکھا جاسکتا ہے جس پر زڈی بل پولیس تھانہ تحریر اور پولیس اہلکار اس میں سوار ہیں۔ اس گاڑی کے ارد گرد درجوں شہری جمع ہیں جنہوں نے پولیس گاڑی کے ڈرائیور کو حادثہ کا ذمہ دار بتارہے ہیں۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے حادثہ پیش آیا اور شہری کی موت ہوگئی۔
ویڈیو میں ایک معمر شہری کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جسے بے ہوشی کی حالت میں لوگ سڑک کنارے لے جارہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک پولیس انسپکٹر کو مشتعل شہریوں کو سمجھاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ سرینگر پولیس نے اب تک اس حادثے پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ تاہم ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حادثے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کیا گردیا گیا ہے۔