سرینگر (جموں کشمیر) : نیشنل بک ٹرسٹ، وزارت تعلیم، حکومت ہند اور ضلع انتظامیہ، سرینگر کی مشترکہ کاوشوں سے ’’چنار بُک فیسٹیول‘‘ 17 سے 25 اگست تک ایس کے آئی سی سی (SKICC) سر ینگر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس قومی سطح کے کتاب میلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان بھی شرکت کرے گا۔ ڈل جھیل کے کنارے منعقد ہونے والے 9 روزہ کتاب میلے میں انگریزی، اردو، کشمیری، ہندی، ڈوگری اور دیگر زبانوں کی کتابوں تک رسائی فراہم کرنے والے 2 سو سے زائد اسٹالز ہوں گے۔
منعقد ہونے سے والے اس کتاب میلے پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرینگر، ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کہا کہ ’چنار بک فیسٹیول‘ پہلا قومی بک فیسٹیول اور وادی کشمیر کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرینگر میں اتنے بڑے پیمانے پر ایک طویل عرصے سے کوئی میلہ منعقد نہیں کیا گیا ہے۔ یہ کتاب میلہ لوگوں کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرے گا جہاں قارئین مختلف پروگراموں میں بھی شرکت کر سکیں گے۔
میلے کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے ڈی سی سرینگر نے کہا کہ میلے کے دوران فن، ادب اور ثقافت سے متعلق پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بچوں کے لیے تخلیقی، تحریری ورکشاپس جیسے کہ خطاطی، کہانی سنانے، کیریکیچر، پینٹنگ کا مقابلہ، آرٹ ورکشاپ، سلوگن تحریری مقابلہ، پپٹ کرافٹ وغیر کے تحریری ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ دوپہر 2 بجے سے 4 بجے تک نوجوانوں کے لیے کیریئر پر مبنی ورکشاپس ہوں گے جن میں انہیں فن، ادب اور ثقافت پر بڑے بڑے ادیبوں سے بات کرنے کا موقع ملے گا۔ اس میگا ایونٹ کے لیے اب تک 50 ہزار سے زائد بچے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر بلال بٹ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چنار بک فیسٹیول میں آئیں اور میلے کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کتاب میلے تک پہنچنے کے لیے گھنٹہ گھر سے ایس کے آئی سی سی تک پانچ مفت بسیں چلائی جائیں گی۔ کتابی میلے میں ساہتیہ اکادمی، شعبہ اشاعت، سنگیت ناٹک اکادمی، این سی ای آر ٹی، نیشنل بک ٹرسٹ-انڈیا، مہتا بک کمپنی، گلشن کتب، موتی لال بنارسیداس، اور ریختہ وغیرہ جیسے ایک ہزار سے زائد نجی پبلشرز حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اے ایم یو میں کتاب میلے کا اہتمام