پلوامہ: جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے آج پلوامہ کا دورہ کرکے انتخابات کے لیے کیے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر اسٹرانگ رومز کا معائنہ کیا جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد سویپ پروگرام میں بھی شرکت کی۔
چیف الیکٹورل افیسر یونین ٹیریٹری آف جموں و کشمیر پانڈورنگ کونڈبا راؤ پولے نے آج پلوامہ کے سرکیٹ ہاؤس میں افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی بعد ازاں چیف الیکٹورل آفسر نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد سویپ پروگرام میں شرکت جب کہ انہوں نے ضلع میں قائم کیے گئے پارلیمانی انتخابات کے لیے اسٹرانگ رومز کا مکمل معائنہ کیا۔
اس دورے کا مقصد لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے انتظامات کو یقینی بنانا تھا۔ اس دوران ریٹرنگ آفسر ڈاکٹر بشارت قیوم، پولیس سپرنٹنڈنٹ پلوامہ اور اونتی پورہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
معائنہ کے دوران سی ای او نے اسٹرانگ روم میں سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ اس عمل کو ہموار اور شفاف بنایا جا سکے۔ پی کے پول نے انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
سی ای او کو آر او کی جانب سے انتخابی عمل کو ہموار کرنے کے لیے انتظامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ضلع انتظامیہ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کو تندہی سے نافذ کیا ہے۔
دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے پی کے پولے نے اس جمہوری عمل کے تقدس کی حفاظت کے لیے بھارت کے الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ انتخابی پروٹوکول کے مضبوط انتظامات اور سختی سے تعمیل کی اہم اہمیت پر زور دیا۔
پی کے پولے نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے ضلع کے لوگوں کو آزاد اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے ضلع کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 13 مئی کو سرینگر پارلیمانی حلقہ میں ووٹنگ کے دن گھروں سے نکل کر اپنا قیمتی ووٹ ڈالیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی یوم ریڈ کراس کے موقعے پر پلوامہ میں پروگرام کا انعقاد