بڈگام (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں مجاہدین آزادی، جنہوں نے قوم کی آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ضلع بڈگام کے سبھی پولیس اسٹیبلشمنٹ میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس ضمن میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس آفس بڈگام میں منعقد ہوئی جس میں اے ایس پی بڈگام، ایس پی مختار احمد، سینئر پی او وونیش سنگوترا، سمیت دیگر افسران اور اہلکاروں نے جد و جہد آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اے ایس پی بڈگام نے پولیس افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آزادی پسندوں کی سچائی، استقامت اور جدوجہد کے اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آزادی کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے آزادی پسندوں کی یاد میں یہ دن منانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بڈگام میں بھی دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس میں انچارج (ڈی اے آر) ڈی پی ایل بڈگام نذیر احمد اور دیگر افسران اور جوانوں نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اسی طرح تمام سب ڈویژنل پولیس افسران کے علاوہ ضلع بڈگام کے ایس ایچ اوز، چوکی افسران نے بھی اپنے اپنے دفاتر اور اسٹیشنز میں افسران اور جوانوں کے ساتھ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی اور قومی آزادی کے ہیروز کے تئیں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ اس دو منٹ کی خاموشی کے ذریعے ضلع بڈگام کے پولیس افسران اور جوانوں نے قومی آزادی کے متوالوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور اور جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا ہے۔