جموں: ہولی کا تہوار رنگوں کے تہوار سے بھی جانا جاتا ہے۔ ہندو مذہب کے مانے والے اس تہوار کو بڑی ہی دھوم دھام سے مناتے ہیں، لیکن سرحدوں پر ملک کے محافظ اپنے گھروں سے دور رہتے ہیں اور وہ یہ تہوار اپنے دوستوں کے ساتھ سرحد پر ڈیوٹی کے دوران مناتے ہیں۔ جموں کٹھوعہ سانبہ سرحد پر تعینات بی ایس ایف کی ٹیم نے ہولی کا تہوار بڑے دھوم دھام کے ساتھ منایا۔ جموں کے سچیت گھڈ میں اوک ٹرائے پوسٹ پر بھی بی ایس ایف کے اہلکاروں نے خواتین اہلکاروں کے ساتھ ہولی منائی۔
اس موقعے پر شہید فوجیوں کے اہل خانہ نے مختلف رنگوں کے تلک لگا کر سب کو ہولی کی مبارکباد دی۔ اس دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی کے ترانوں پر رقص کرکے ہولی کا تہوار منایا۔ واضح رہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی پیر کے روز رنگوں کا تہوار ہولی انتہائی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔
مزید پڑھیں: پلوامہ، سی آر پی ایف اہلکاروں نے منائی ہولی
ذرائع کے مطابق جموں میں لوگ جن میں مرد و زن شامل تھے۔ سڑکوں پر جمع ہوئے اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کر رہے تھے اور ایک دوسرے پر رنگ لگا رہے تھے۔ اس موقعے پر بازار سجے نظر آئے جہاں ہولی منانے کے لئے ضروری چیزوں کو دستیاب رکھا گیا اور بچوں کے مختلف قسموں کے کھلونوں کی دکانیں بھی سجائی گئیں۔