اننت ناگ (جموں کشمیر) : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جموں کشمیر یونٹ، کے نائب صدر اور سابق ایم ایل سی صوفی یوسف نے جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں جاری عسکری مخالف آپریشن کے حوالہ سے کہا: ’’جس طرح پاکستان کشمیر میں عسکریت پسندوں کی مدد کر رہا ہے، پاکستان کے خلاف پھر سے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ ان حملوں کو روکنے کے لئے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی۔‘‘
انہوں نے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ ایک بار پھر سرجیکل اسٹرائیک کرکے انہیں سبق سکھایا جائے۔‘‘ صوفی یوسف نے گنڈول، کوکرناگ میں عسکری حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’دو دنوں میں اس علاقے میں موجود عسکریت پسندوں کو مار دیا جائے گا۔‘‘ بی جے پی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک ترنگا ریلی کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں، اننت ناگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کھنہ بل سے ایک ترنگا ریلی برآمد کی گئی۔ ریلی کی قیادت پارٹی کے سینئر لیڈر صوفی یوسف کر رہے تھے۔ ریلی میں درجنوں پارٹی کارکنان ہاتھوں میں ترنگا لیے حب الوطنی کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوفی یوسف نے پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہر کشمیری کے ہاتھوں میں ایک ترنگا ہے اور پوری وادی سے ترنگا ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس طرح محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ کشمیر میں کوئی ترنگا اٹھانے والا نہیں رہے گا، ااج اس طرح کی ریلیوں کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ہر کشمیری کے ہاتھ میں نہیں بلکہ ہر دل میں ترنگا موجود ہے۔‘‘ صوفی کے مطابق کشمیریوں کے دلوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے گھر بنا لیا ہے اور آنے والے انتخابات میں عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط بنانے میں ایک اہم رول ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کوکرناگ آپریشن اختتامی مرحلہ کو نہیں پہنچا، آپریشن جاری ہے: پولیس - Kokernag Search Operation Not Over