جموں: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے ہفتے کے روز کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد بی جے پی نے لوگوں سے بہت سارے وعدے کئے، لیکن سبھی وعدے سراب ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سال 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بی جے پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ وعدے کئے کہ ان کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا لیکن آج تک ایک بھی وعدہ وفا نہ ہو سکا۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح نے تمام ریکارڈ مات کئے، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، جس وجہ سے غریبوں کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے۔وقار رسول وانی نے کہا کہ سرکار جموں وکشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہونے کے دعوئے کر رہی ہیں لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا اور یوٹی میں غیر یقینی صورتحال پیدا کی۔ان کے مطابق ہمیں ان لوگوں کو مسترد کرنا ہے جنہوں نے پچھلے دس سالوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصیبت میں ڈال دیا۔
مزید پڑھیں: جموں وکشمیر کے لوگ بھاجپا کے غلط فیصلوں کا جواب دیں گے :وقار رسول وانی
پردیش کانگریس صدر نے مزید بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں کو کانگریس امیدوار کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے، کیونکہ اگر لوگوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا تو اس کا یہ مطلب ہے کہ ہم نے بھاجپا کے سبھی غلط فیصلوں کے سامنے سرخم تسلیم کیا۔ان کے مطابق لوگ صرف ووٹ کے ذریعے ہی بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا جواب دے سکتے ہیں۔
(یو این آئی)