بارہمولہ: جموں کشمیر پولیس نے دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے اشتراک سے شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک معاون کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے آئی ای ڈی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سوپور پولیس نے فوج کی 22 آر آر اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 179 بٹایلین کے اشتراک سے سوپور کے مچی پورہ، بومئی علاقے میں ایک ناکہ قایم کیا۔
پولیس بیان کے مطابق ناکہ چیکنگ کے دوران ایک کار (سفید رنگ کی ماروتی سویفٹ) زیر رجسٹریشن نمبر JK01AK -4452 کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار بڑھا کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم الرٹ سیکورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔ ڈرائیور کی شناخت وحید ظہور ولد ظہور الرحیم کے طور پر ہوئی ہے جو ی پورہ، رفیع آباد حال مصطفی آباد، ایچ ایم ٹی سرینگر کا رہائشی ہے۔ پولیس نے ڈرائیور (عسکریت پسندوں کے معاون) کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔
تلاشی کے دوران گاڑی سے 2 ترک پستول ، 3 ترک پستول میگزین، 41 پستول راؤنڈ، 2 چینی ساخت دستی بم، 1 ترک پستول سائلنسر، آئی ای ڈی (مواد) سمیت دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔ سوپور پولیس نے اس ضمن میں ایک ایف آئی آر نمبر 37/2024 یو/ایس 16 ، 18 ، 23.38 یو اے پی (اے) 3 ، 4 ، 5 دھماکہ خیز مواد ایکٹ، 7/25 آرمز ایکٹ پولیس اسٹیشن بومئی، سوپور میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلمرگ میں تلاشی مہم، مشتبہ نقل وحرکت پر آپریشن شروع کیا گیا -