بانڈی پورہ: جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں واقع کے پزل پورہ کے باشندوں کو گزشتہ دو ہفتوں سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے حکام پر الزام عائد کیا کہ پانی کی سربراہی کا مناسب نظام فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے بحران پیدا ہو گیا ہے۔ مکینوں نے سڑک پر احتجاج کیا جس کی وجہ سے کچھ دیر کےلئے سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پڑا۔
مقامی لوگوں نے پانی کے بحران کے باوجود اس معاملہ میں کارروائی نہ کرنے کا حکام پر الزام عائد کیا اور ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سالوں سے نئی پائپ لائن کی تنصیب کا انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم ٹھیکیدار کی جانب سے تاخیر کی وجہ سے انہیں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ان کا مزید الزام ہے کہ انہیں پینے اور گھریلو مقاصد کے لیے آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جس سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔
کچھ رہائشیوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اہلکاروں نے ان کے علاقہ میں پانی کی فراہمی کے لیے رشوت طلب کی ہے۔ مکینوں نے بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنر شکیل الرحمٰن اور دیگر اعلیٰ حکام سے مداخلت کرکے مسئلہ کو جلد سے جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے انہیں پینے کے صاف پانی کی باقاعدہ فراہمی کریں۔