ترال: وادی کشمیر میں امسال درجہ حرارت میں اضافے اور موسم میں غیر معمولی تبدیلی کی وجہ سے جہاں سیب کے باغات لیف ماینر نامی بیماری کے شکار ہوگیے ہیں وہیں جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں دھان کے کھیتوں میں بیکٹریل بلایٹ (bacterial blight) نامی بیماری نے کسانوں کی نیند حرام کر دی ہے ۔
امیرآباد نامی گاوں میں اس بیماری نے وسیع اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جس سے کسان پریشانیوں میں مبتلا ہوگیے ہیں ۔ کسانوں نے بتایا کہ وہ روایتی بیج بوتے تھے تو اس قسم کی بیماریاں نہیں لگتی تھیں لیکن اب کی بار محکمہ زراعت نے انھیں بیج فراہم کیے اور اب انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کیا کریں ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ انکا روزگار اسی پر منحصر ہے اور ان کی سال بھر کی کمائی ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔
محکمہ زراعت کے ایک آفیسر رفیق احمد راتھر نے بتایا کہ موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کسانوں کی جانب سے زیادہ مقدار میں کھا دیں ڈالنے کی وجہ سے یہ بیماری پھیل گئی ہے اور کسانوں کو جراثیم کش ادویات چھڑکنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگر بروقت اس بیماری کو کنٹرول نہیں کیا گیا تو یہ بیماری سارے کھیتوں میں پھیل سکتی ہے اور پھر اس کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: