سرینگر (جموں کشمیر) : جموں کشمیر عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے بانی چیئرمین اور سابق میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق اور 21 مئی 1990 کے شہدائے حول کو ان کی 34ویں اور خواجہ عبد الغنی لون کو انکی 22ویں برسی کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’شہید ملت (مولوی محمد فاروق) ایک ایسے عوامی رہنما تھے جن کی مختصر زندگی عوام اور اپنے نصب العین کے تئیں ان کی مکمل لگن کی گواہی دیتی ہے۔‘‘
مرحوم میرواعظ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’شہید رہنما کا عوامی سفر 17 سال کی عمر میں ایک نوجوان میرواعظ کی حیثیت سے شروع ہوا اور پھر تحریک موئے مقدّس آنحضرت ﷺ کے دوران وہ ایک پُرجوش اور بے باک رہنما کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے جنہوں نے پوری قوت کے ساتھ پر امن طور پر عوامی امنگوں اور جذبات کی ترجمانی کی اور اس دوران انہیں مسائل کو پر امن ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی وکالت کی پاداش میں شدید تشدد اور قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔‘‘
بیان میں علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس کے سابق لیڈر مرحوم عبدالغنی لون، جنہیں 21مئی کو ہی عیدگاہ سرینگر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے، کی سیاسی خدمات کو بھی یاد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں تنظیم نے موجودہ میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کی نظر بندی کی بھی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والد کی برسی کے موقع پر بھی کسی یادگاری تقریب میں شرکت کی اجات نہیں دی گئی۔
یاد رہے کہ 21مئی 1990کو سابق میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق کو نامعلوم بندوق برداروں نے ان کی رہائش گاہ پر ان کا قتل کر دیا۔ اسی روز ان کے پر امن جنازے پر نیم فوجی دستوں نے حول کے قریب اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 60سے زائد کشمیری ہلاک ہوئے جبکہ دو سو سے زائد زخمی ہوئے۔ ’’حول قتل عام‘‘ کے موقع پر اور سابق میرواعظ کی برسی کے موقع پر ہر برس 21مئی کو یادگاری تقاریب منائی جاتی تھی اور سال 2002میں اسی روز مرحوم عبدالغنی لون پر عیدگاہ، سرینگر میں گولیاں برسا کر انہیں بھی ابدی نیند سلا دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2019کے بعد اور دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے اس روز تقاریب کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اجازت دی گئی تو شہید میرواعظ کے یوم وصال پر تقریب منعقد ہوگی: عوامی مجلس عمل - Molvi Farooq Death Anniversary