سرینگر: ایک بڑی سیاسی پیش رفت میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا، جو بارہمولہ پارلیمانی نشست پر انتخابات لڑ رہے ہیں۔ اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ شمالی کشمیر کی پارلیمانی سیٹ پر اپنا امیدوار نہیں اتاریں گے، بلکہ وہ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون کو تعاون دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر کی بارہمولہ نشست کے علاوہ سرینگر اور اننت ناگ راجواری پارلیمانی نشست پر بھی ہمارا سیدھا مقابلہ نینشل کانفرنس کے ساتھ ہے۔ ایسے میں مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم سجاد غنی لون کی حمایت کریں گے۔
اپنی پارٹی کی حمایت سے سجاد غنی لون کو کافی مدد ملے گی، کیونکہ اپنی پارٹی کی ساکھ شمالی کشمیر میں کافی مضبوط مانی جاتی ہے۔ ایسے میں اب اس اتحاد کے بعد اس سیٹ میں این سی اور پیپلز کانفرنس کے درمیاں سخت مقابلہ ہونے والا ہے۔
مزید پڑھیں: میں الطاف بخاری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شمالی کشمیر میں اپنا امیدوار کھڑا نہ کرے: سجاد لون
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی پارٹی سے شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر اپنی پارٹی کا تعاون طلب کیا تھا، جس کے جواب میں آج سید الطاف بخاری نے اس پیشکش کو مانتے ہوئے انتخابات میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔