اننت ناگ: سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی وادی کشمیر میں بجلی سے جڑے مسائل شروع ہو جاتے ہیں، گزشتہ کئی ہفتوں سے وادی کے بیشتر علاقوں جن میں میٹرڈ اور نان میٹرڈ علاقہ بھی شامل ہیں وہ بجلی کی غیر ضروری کٹوتی سے مشکلات سے جوجھ رہے ہیں، بجلی کے حوالہ سے درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنانے کے لئے اب لوگ اجتماعی طور اپنے مطالبات کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے تحت مٹن ویلفئر فورم کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس دوران ویلفئر سے وابستہ افردا نے ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقہ میں بجلی کے حوالہ سے درپیش مشکلات کا خلاصہ کیا اور اپنے مسائل و مطالبات کو متعلقہ حکام تک پہنچانے کی کوشش کی ۔
ویلفئر فورم کے جنرل سیکریٹری تصدق رشید نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مٹن علاقہ کو محکمہ بجلی کی جانب سے دو الگ الگ فیڈرز سے بجلی فراہم کی جاتی ہے علاقہ کے جس حصہ کو کرنگسو فیڈر سے بجلی سپلائی کی جا رہی ہے اس حصہ میں شیڈول کے مطابق بجلی میسر رہتی ہے البتہ مذکورہ علاقہ کا بیشتر حصہ ہٹمورہ فیڈر کے ساتھ جڑا ہوا ہے جس میں بجلی کی کٹوتی شیڈول سے کئی گناہ زیادہ ہوتی ہے جس سے صارفین کو گونا گو مشکلات کا سامنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ میں اسمارٹ میٹرنگ کی گئی ہے،عوام نے اسمارٹ میٹرنگ اقدام پر محکمہ بجلی کا اُس وقت خیر مقدم کیا تھا،کیونکہ عوام کو امید تھی کہ اس قدم سے بجلی کی معقول سپلائی یقینی بن جائے گی، تاہم بعد میں ایسا نہیں ہوا ،انہوں نے کہا کہ صارفین وقت پر بجلی بلوں کی ادائگی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے ،انہوں نے متعلقہ حکام سے مسئلہ کا ازالہ کرنے اور پورے علاقہ کو کرنگسو فیڈر سے بجلی سپلائی کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا ۔
فورم کے صدر سجاد احمد گنائی نے کہا کہ سردیوں کے عیام کے دوران بجلی کی ناقص سپلائی سے عوام مشکلات میں ہے، بجلی کی غیر ضروری کٹوتی سے اسٹوڈنٹس، کاروباری سمیت عام صارفین کی عام زندگی متاثر ہو رہی ہے ،لہذا ان کی جانب سے اعلی حکام سے اپیل ہے کہ وہ مٹن علاقہ میں بجلی کے مسئلہ کا ازالہ ممکن بنائیں ،اور مٹن علاقہ کو ماڈل ٹاؤن بنائیں جو علاقہ کے لوگوں کی دیرینہ مانگ ہے ۔