اننت ناگ (جموں کشمیر) : حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک کے مختلف حصوں سے آئے 5 لاکھ سے زائد یاتریوں نے پوتر امرناتھ گھپا میں شیو لنگم کے درشن کیے۔ پیر کے روز بھگوان شیو سے منسوب ’’چھڑی مبارک‘‘ کو ہمالیہ کے پہاڑوں میں واقع شری امرناتھ جی گھپا میں روایتی جوش و خروش سے پہنچایا گیا۔ جس کے ساتھ ہی امسال 52 روزہ طویل امرناتھ یاترا کا باقاعدہ طور اختتام ہوا۔
سادھوؤں کا ایک گروپ، جس کی قیادت چھڑی مبارک کے نگراں مہنت دیپندر گری کر رہے تھے، نے چھڑی مبارک کو پیر کی صبح جنوبی کشمیر کے پنجترنی میں رات گزارنے کے بعد امرناتھ گھپا پہنچایا، جہاں پر خصوصی پوجا اور ہون کے بعد چھڑی مبارک کو دشمی اکھاڑہ واپس روانہ کیا گیا۔ چھڑی مبارک کے نگراں مہینت دپیندر گری نے امرناتھ یاترا کی پر امن اختتام پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے امرناتھ گھپا میں درشن کرنے والے یاتریوں کو بھی مبارکباد پیش کی۔ وہیں مہینت دپیندر گری نے جموں کشمیر انتظامیہ، شرائن بورڈ اور سکیورٹی ایجنسیز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’ان سب کی مشترکہ کوشش اور تمام تر انتظامات کی بدولت رواں برس کی یاترا پر امن طریقہ سے اختتام ہوئی۔‘‘
واضح رہے کہ امرناتھ یاترا رواں سال 29 جون کو شروع ہوئی تھی جو 52 روز تک مسلسل جاری رہی۔ یاتریوں نے اننت ناگ کے پہلگام کے سب سے طویل ٹریک اور گاندربل ضلع کے مختصر ٹریک سے سفر کرکے یاترا کی۔ روایتی طور رکشا بھندن کے موقع پر آج شراون پورنیما کے موقع پر، چھری مبارک کو طلوع آفتاب سے پہلے امرناتھ گپھا میں لے جایا گیا، اور پوجا کا آغاز طلوع آفتاب کے ساتھ ہی ہوا۔ پوجا ارچنا کے بعد رواں برس کی امرناتھ یاترا اختتام کو پہنچی اور چھڑی مبارک کو واپس دشمی اکھاڑہ روانہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امرناتھ یاترا آخری مرحلہ میں داخل، چھڑی مبارک پوتر گھپا کی جانب روانہ - Amarnath yatra 2024