جموں: جموں میں منعقادہ احتجاجی مظاہرہ کے دوران سیاسی جماعتوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام ریاستی حیثیت، جمہوری حقوق، اپنے ووٹنگ کے حق کی طاقت اور جموں و کشمیر کی شناخت کو بچانے کے لیے سڑکوں پر اتریں۔تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آکر ایک آواز میں عام لوگوں کے مسائل کو اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مظاہرین نے مشترکہ طور پر اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مرکزی حکومت نے دفعہ 370 کو منسوخ کرکے دھوکہ دہی کی اور کئے گئے وعدوں میں پانچ سال کے طویل وقفے کے باوجود ریاست کی حیثیت ہمیں بحال نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ میں ترمیم کرکے ایل جی کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا، ہماری معیشت ابتر حالت میں ہے۔ امن، ترقی، روزگار جیسے وعدے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد کشمیر کی سیاسی جماعتیں اسمبلی انتخابات کے لیے پر امید
احتجاجییوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ ریاستی درجہ بحال ہونے تک احتجاجی و مظاہرہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔اس کے ساتھ ساتھ مکمل ریاست کا درجہ ملنے تک ہماری تحریک جاری رہے گی ۔ہماری تحریک میں کثیر تعداد میں عام لوگ بھی شامل ہیں۔