ترال(پلوامہ): انتظامیہ کی جانب سے آج گورنمنٹ ڈگری کالج ترال کے آڈیٹوریم میں لوک سبھا انتخابات کے لیے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن کا مقصد ضلع کے اندر انتخابات کے بغیر کسی رکاوٹ اور پُرامن انعقاد کے لیے بیداری پیدا کرنا، اس کے علاوہ الیکشن ڈیوٹی پر معمور افراد کو تیار کرنا ہے۔
سیشن میں ماہرین نے تمام افسران کو ایک جامع بریفنگ فراہم کی، جس میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ اقدام ضلع میں ایک جمہوری اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ٹریننگ فراہم کرنے والے ایک عہدیدار شبیر احمد وانی نے بتایا کہ منصفانہ الیکشن کے لیے ضلع انتظامیہ نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور آج اس سلسلے میں ترال سب ضلع کے ان اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کی گئی جن کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاؤر پوائنٹ پرزینٹیشن کے ذریعے عملہ کو ٹریننگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ میں انتظامیہ، پولیس انتخابات کے لیے تیار: ڈی سی
انہوں نے کہا کہ ٹریننگ دو سیشن میں دی جارہی ہے۔ پہلا سیشن 11 بجے سے ایک بجے تک ، جبکہ دوسر سیشن دوپہر 2 بجے سے 4 بجے سے منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ ٹریننگ اس ملازم کے لیے بے حد ضروری ہے جو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہوگا۔